اڈپی،8/اگست (ایس او نیوز)حکومت کی انّابھاگیہ اسکیم کے تحت راشن کی دکان کو فراہم کیے گئے چاول کے 250تھیلوں میں پلاسٹک کے چاول(granules) برآمد ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
کہاجاتا ہے کہ اڈپی ضلع کے ہیجماڈی کی راشن کی دکان میں پلاسٹک کے چاول گاہکوں کی سپلائی کیے جانے کی خبر مقامی میڈیا میں عام ہونے کے بعدہیجماڈی کی سٹیزنس ایکشن کمیٹی نے مذکورہ دکان پر جاکر معائنہ کیا اور سرکار کی طرف سے چراہم کردہ چاول کے تھیلوں میں پلاسٹک کے چاول پائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اڈپی ضلع ڈپٹی کمشنر کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔ جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس معاملے کی پوری طرح تحقیقات ہواور خاطیوں کے خلاف سخت قانونی اقدام کیا جائے۔
خیال رہے کہ بازار اور راشن کی دکانوں میں پلاسٹک کے چاول سپلائی کیے جانے کی اطلاعات اس سے پہلے بھی سرخیوں میں آتی رہی ہیں۔ اس موضوع پر اسمبلی میں بھی بحث ہوچکی ہے اور سرکار کی طرف سے اسے جھوٹی افواہیں قرار دیتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا گیا تھا کہ اگر پلاسٹک کے چاول فراہم ہونے کی بات ثابت ہوتی ہے تو پھر خاطیوں کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی۔
سٹیزنس ایکشن کمیٹی کے صدرشیکھر ہیجماڈی نے بتایا کہ اڈپی ڈی سی پریانکا میری فرانسس نے میمورنڈم قبول کرتے ہوئے فوڈ اینڈ سول سپلائی ڈپارٹمنٹ کو اس معاملے کی فوری تحقیقات کرتے ہوئے رپورٹ داخل کرنے کے احکامات جاری کردئے ہیں۔شیکھر کا کہنا ہے کہ وہ لوگ اس میمورنڈم کی ایک نقل وزیر غذا جناب یوٹی قادر کو بھی روانہ کرتے ہوئے یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ انّابھاگیہ اسکیم کے تحت عوام کو فراہم ہونے والے چاول سپلائی کرنے والی ایجنسی اور دلالوں کے بارے میں پوری طرح تحقیقات کی جائیں اوراصلی چاولوں میں پلاسٹک کے چاول جیسے دانے ملانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔